مائیکرو سافٹ کا مسئلہ نہیں تھا یہ آپ کی اپنی نااہلی تھی! بھارت میں 200 پروازیں کیوں منسوخ ہوئیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارت میں فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو گزشتہ دو روز سے شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں ملک کی بڑی نجی ایئرلائن انڈیگو کو متعدد تکنیکی مسائل اور عملے کی کمی کے باعث دو سو سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔اچانک پیش آنے والی خرابیوں نے کئی ریاستوں کے ایئرپورٹس پر نظام درہم برہم کر دیا اور مسافر گھنٹوں لائنوں میں پھنسے رہے۔

رپورٹس کے مطابق انڈیگو کی پروازیں 3 اور 4 دسمبر کو سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔بدھ کے روز تقریباً 200 پروازیں منسوخ کی گئیں جن کی وجہ تکنیکی گڑبڑیاں اور بعض ایئرپورٹس پر اسٹاف کی کمی بتائی جارہی ہے۔

مدھیہ پردیش، اترپردیش، دہلی، آندھرا پردیش اور کرناٹک میں مسافروں کو چیک اِن اور بورڈنگ میں شدید مشکلات پیش آئیں جس کے بعد متعدد ایئرلائنز نے ہنگامی بنیادوں پر مینوئل چیک اِن شروع کر دیا۔

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح سے ہی سسٹم میں خرابی کی وجہ سے چیک اِن میں سست روی رپورٹ ہوئی جس نے انڈیگو، اسپائس جیٹ، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازوں کو متاثر کیا۔

ایئرپورٹ اتھارٹی نے ایکس (سوشل میڈیا پلیٹ فارم) پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیمیں تمام اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ مسافروں کی تکلیف کم ہو سکے۔

وارانسی ایئرپورٹ پر مسافروں کو مطلع کیا گیا کہ مبینہ طور پر مائیکروسافٹ ونڈوز کے عالمی سروس آؤٹیج کے باعث آئی ٹی سسٹم متاثر ہوا ہے لیکن مائیکروسافٹ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ونڈوز میں کوئی مسئلہ نہیں ہے چونکہ ایئرپورٹس کے فلائٹ آپریشنز، چیک اِن اور دیگر سروسز بڑی حد تک ونڈوز پر چلتے ہیں اس لیے خرابی نے پورا نظام متاثر کیا۔

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی یہی صورت حال رہی جہاں بڑی تعداد میں مسافروں کی قطاریں لگ گئیں اور چیک اِن میں تاخیر کے باعث کئی افراد کی پروازیں چھوٹ گئیں۔ انڈیگو کے ترجمان نے بتایا کہ تکنیکی خرابی، ایئرپورٹس پر شدید رش اور آپریشنل وجوہات کے باعث پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی جبکہ کچھ پروازیں منسوخ کرنا ناگزیر ہو گیا۔

Related Posts