کراچی کے بعد اب اندرون سندھ بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

سندھ پولیس نے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بغیر نمبر پلیٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑیاں چلانے والے افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز اور ایس پی اے وی ایل سی کو صوبے بھر میں نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑیاں چلانے اور لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے ایک خط جاری کیا گیا ہے۔

خط کے مطابق قانون شکنی کرنے والوں کی گاڑیاں قبضے میں لی جائیں گی اور ڈرائیورز کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے بھر میں بڑی تعداد میں گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ کے سڑکوں پر چل رہی ہیں جبکہ کئی ڈرائیورز بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلا رہے ہیں۔

تمام پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے گاڑیوں کی فوری نشاندہی کریں اور موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی کریں، اور سڑکوں پر ایسی گاڑیوں کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کے ذریعے قانون کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔

خط میں تمام یونٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رینج وائز اور ڈسٹرکٹ وائز رپورٹس روزانہ صبح 10 بجے آئی جی پی آپریشنز روم کو بھیجیں تاکہ مہم کی پیشرفت روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لی جا سکے۔

آئی جی سندھ نے اس اقدام کو ٹریفک قوانین کے نفاذ اور سکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت ضروری قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ہدایات کو فوری طور پر عملی جامہ پہنائیں۔

Related Posts