شارجہ سے 5پاکستانی جعلی ویزوں کے باعث ڈی پورٹ، لاہور پہنچتے ہی دھرلیاگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈی پورٹ
(فوٹو: آن لائن)

متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ نے 5 پاکستانیوں کو جعلی برطانوی ویزوں پر ڈی پورٹ کردیا ہے جنہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور پہنچتے ہی گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے شارجہ سے غیر قانونی عمل کے باعث ڈی پورٹ مسافروں کو لاہور ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر رواں سال وزٹ ویزا کا استعمال کرتے ہوئے لاہور سے ملائشیا روانہ ہوئے تھے۔ ملزمان نے جعلی دستاویزات پر شارجہ سے برطانیہ اڑان بھرنے کی کوشش کی۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان ایجنٹوں کی مدد سے جعلی ویزے حاصل کرکے برطانیہ جانے کی کوشش میں تھے۔ جعلی دستاویزات کے باعث شارجہ حکومت نے ملزمان کو پاکستان ڈی پورٹ کردیا۔ ملزمان کو لاہور پہنچے پر حراست میں لے کر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا جن سے اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 ہیومن ٹریفکنگ کیا ہے؟

پاکستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیا کا خطہ اور افریقہ سمیت دیگر پسماندہ خطوں سے سیکڑوں اور ہزاروں کی تعداد میں شہری امریکا، برطانیہ اور کینیڈا جیسے ممالک کا رخ کرنے کیلئے ملائشیا اور متحدہ عرب امارات جیسے راستوں کو استعمال کرتے ہیں جس کا مقصد ایک بہتر مستقبل کی تلاش ہوتا ہے، تاہم افسوسناک طور پر اس کیلئے غیر قانونی راستے اپنائے جاتے ہیں۔

ہیومن ٹریفکنگ کے جرم میں ملوث ایجنٹس ایسے افراد کو بہتر مستقبل کا لالچ دے کر لاکھوں کی فیس وصول کرتے ہیں اور بے شمار واقعات میں ایسے افراد ایک ملک سے دوسرے ملک جاتے ہوئے سمندر کا راستہ اختیار کرتے ہیں جہاں دشوار گزار راستوں اور ناخوشگوار موسم کے باعث ایسی کشتیاں ڈوب جاتی ہیں اور درجنوں افراد جان کی بازی ہار بیٹھتے ہیں۔

Related Posts