بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جس کے بعد مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں کہ کیا بھائی جان اب سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والے ہیں؟ کئی صارفین یہ بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا سلمان خان انڈین نیشنل کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں؟ لیکن حقیقت کچھ اور ہے۔
درحقیقت سلمان خان کا سیاست میں آنے یا انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہ تمام چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب وہ ہفتہ کی رات حیدرآباد کے گچی باؤلی میں جی ایم سی بالایوگی ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں منعقدہ انڈین سوپر کراس ریسنگ لیگ سیزن–2 کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران سلمان خان اور تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی ایک ہی اسٹیج پر موجود تھے جہاں دونوں نے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ اور گلے مل کر ایک دوسرے کا استقبال کیا۔ ان کے یہ لمحات کیمرے کی آنکھ میں قید ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جس نے شائقین میں تجسس پیدا کر دیا۔

تقریب میں وزیر انڈسٹریز سری دھر بابو سمیت کئی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں جبکہ اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ کے امتزاج نے اسٹیڈیم کا ماحول مزید پرجوش بنا دیا۔
سوشل میڈیا پر پھیلتی افواہوں کے برعکس سلمان خان نے کسی سیاسی سرگرمی یا انتخابی مہم میں شرکت نہیں کی بلکہ وہ صرف ایک کھیلوں کی تقریب کے مہمان تھے۔ البتہ ریونت ریڈی کے ساتھ ان کی وائرل تصاویر نے مداحوں کو خوب گفتگو کا موقع فراہم کیا اور ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ بھائی جان جہاں جائیں، سوشل میڈیا پر ہلچل ضرور مچتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








