خلیجی ریاست سلطنت عُمان کی وزارتِ محنت نے توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں متعدد پیشوں کے لیے لازمی ’’لائسنسنگ سسٹم‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت کے مطابق ان شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد اور اداروں کے لیے مخصوص پیشہ ورانہ لائسنس حاصل کرنا ضروری ہوگا، جن کی نگرانی عُمانی ایسوسی ایشن فار انرجی اینڈ مائننگ اسکلز کرے گی۔
وزارت نے وضاحت کی ہے کہ جن پیشوں کے لیے لائسنس لازمی ہوگا، ان کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جبکہ تمام کمپنیوں اور ملازمین کو 1 جون 2026 تک اصلاحی مہلت دی گئی ہے۔
اس عرصے کے دوران اگرچہ ملازمین نے لائسنس کے لیے درخواست نہ دی ہو، تب بھی ورک پرمٹ جاری یا تجدید کیے جا سکیں گے۔
تاہم 1 جون 2026 کے بعد ان پیشوں کے لیے ورک پرمٹ صرف اسی صورت میں جاری یا ری نیو ہوگا جب متعلقہ کارکن کے پاس انرجی اور مائننگ سیکٹر اسکلز یونٹ کا باضابطہ لائسنس موجود ہو۔
حکومت کے مطابق یہ اقدام قومی افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ، محنت مارکیٹ کی تنظیم اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
لائسنس کے تحت آنے والے پیشوں میں شامل ہیں:
HSE ایڈوائزر، موبائل کرین آپریٹر، فورک لیفٹ آپریٹر، ایکسکیویٹر آپریٹر، ویلڈر، مکینیکل اور الیکٹریکل ٹیکنیشنز، ڈرلر، ڈیرک مین، ٹول پشر، مشین آپریٹر، CNC آپریٹر، فٹنگ و اسمبلی ٹیکنیشن، اسٹرکچرل اسٹیل ورکر، اور دیگر درجنوں تکنیکی اسامیاں۔
وزارت نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے لائسنسنگ کی مقررہ آخری تاریخوں کی پابندی کریں۔ مزید معلومات کے لیے وزارت کے ہیلپ سینٹر 80077000 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








