اولمپک ریکارڈ ہولڈر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے 35 ویں نیشنل گیمز میں جیولن تھرو ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم نے81.81 میٹردور نیزہ پھینک کر شرکا پر واضح سبقت حاصل کی۔
ارشد ندیم کے قریبی حریف اور اسلامی یکجہتی گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والے یاسر سلطان نے70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن لیکر سلورمیڈل جیتا، یاسر سلطان کا تعلق بھی پاکستان واپڈا سے ہے۔
پاکستان آرمی کے محمد ابرار نے 68۔67 میٹر دور نیزہ پھینک کر تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔
اولمپین ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا، ارشد ندیم نے گزشتہ سال کوئٹہ میں ہونے والے 34 ویں نیشنل گیمز میں78.01 میٹرز دور نیزہ پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
ارشد ندیم پہلے ہی اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں 16 ایتھلیٹ شریک ہوئے جن میں سے 8 نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 78.4 میٹر دور نیزہ پھینکا، ارشد ندیم کی دوسری تھرو 77.77 میٹرز رہی، ارشد ندیم نے تیسری تھرو میں 81.81 میٹر دور نیزہ پھینکا۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ اگر انجریز سے بچا رہا تو مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کروں گا، خواہش ہے کہ اگلے لاس اینجلیس اولمپک 2028 میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کروں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








