مذہبی رجحان کے باعث شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ سارہ چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ فنی کیریئر کے ابتدائی دور میں انہیں کئی غیر مناسب آفرز کا سامنا کرنا پڑا۔
سارہ چودھری نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شوبز کی دنیا کے کم متاثر کن پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر عام ہے کہ اس انڈسٹری میں کام کرنے والوں کے کردار پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں، جس کے باعث نوآموز فنکاروں کو ناپسندیدہ پیشکشیں ملنا بھی معمول سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیریئر کی شروعات میں ان کی والدہ ہر جگہ ان کے ساتھ موجود رہتی تھیں، اس کے باوجود ابتدائی چند ماہ خاندان کے لیے سخت آزمائش ثابت ہوئے۔
سارہ چودھری نے کہا کہ انڈسٹری کے اندر سے آنے والی بعض نامناسب آفرز نے ان کی والدہ کو شدید پریشان کر دیا، حتیٰ کہ وہ ایک موقع پر رو پڑیں اور انہیں اداکاری ترک کرکے دوبارہ تعلیم جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔
سابقہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوبز میں رہتے ہوئے اپنے لیے واضح حدود طے کیں اور ممکن حد تک ان پر قائم رہنے کی کوشش کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








