پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے کو ملا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی اہم سطح عبور کرلی۔
دن 12 بجے 100 اندیکس انڈیکس میں 715 پوائنٹس یا 0.42 فیصد کا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مارکیٹ میں سب سے زیادہ خریداری آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریوں میں دیکھی گئی۔ ایچ بی ایل، پی پی ایل، پی او ایل، او جی ڈی سی، ماری، حبکو اور یوبی ایل کے حصص مثبت زون میں رہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مضبوط رجحان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کے جاری ہونے کی منظوری کے اثرات کا نتیجہ ہے، جو ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔
منگل کے دن بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی غالب رہی، جہاں سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں نئی پوزیشنز بنائیں، جس سے مجموعی مارکیٹ سرگرمی میں اضافہ ہوا۔ بینچ مارک انڈیکس گزشتہ دن 1,153 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 169,456 پوائنٹس پر بند ہوا، جو ملکی تاریخ کی بلند سطح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








