اوڈیسا کا چراغ گل؟ روس نے یوکرین پر ڈرونز کی برسات کردی، میزائل حملے سے بھاری نقصان

تازہ ترین

تازہ ترین

یوکرین
(فوٹو: آن لائن)

روس نے یوکرین کے جنوبی ساحلی شہر اوڈیسا اور گردونواح میں حملہ کرتے ہوئے ڈرونز کی برسات کردی، میزائل حملے کے نتیجے میں اوڈیسا میں بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ ہوگیا۔ خوفناک حملے کے باعث 10لاکھ سے زائد گھرانے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

عالمی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے تصدیق کی کہ روس نے رات بھر جاری رہنے والے حملے میں 450سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل فائر کرتے ہوئے یوکرین کے توانائی نظام کو نشانہ بنایا جس سے اوڈیسا اور جنوبی علاقہ شدید متأثر ہوا ہے۔

یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ ملک کے 7مختلف علاقوں میں ہزاروں خاندان بلیک آؤٹ کا شکار ہیں۔یوکرینی حکومت کے مؤقف کے مطابق روسی جنگ کے دوران یہ واقعہ اوڈیسا پر سب سے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے جس نے پانی اور بجلی کی فراہمی کو متأثر کیا۔

وزیراعظم یوکرین کے بقول شہر کے متأثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ روسی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 5یوکرینی شہری زخمی بھی ہوئے۔ پاور گرڈ آپریٹر کے مطابق اوڈیسا اور میکولائیو کے علاقوں میں بڑی تعداد میں عوام کو بجلی سے محرومی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب یوکرین حکومت کا زیر انتظام خرسون کا علاقہ مکمل طور پر بلیک آؤٹ کا شکار ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ روس 3سال قبل شروع کی گئی جنگ کے بعد مسلسل یوکرینی توانائی نظام کو نشانہ بنارہا ہے جس سے یوکرین میں بلیک آؤٹس معمول بنتے جارہے ہیں۔

Related Posts