اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندیوں پر، ہفتے میں پہلی بار 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کا سنگِ میل عبور

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان اسٹاک مارکیٹ
(فوٹو: رائٹرز)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے رواں ہفتے بہترین کاروبار کی مثال قائم کرتے ہوئے تاریخی بلندیوں کو چھولیا، کے ایس ای 100 انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق پورے ہفتے کے دوران معاشی محاذوں پر حکومتی کامیابیوں نے اسٹاک مارکیٹ کو بہتر سطح تک لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی ایم ایف سے قسط کا اجراء، گیس سیکٹر کا گردشی قرض ختم کرنے کیلئے ادائیگیوں کا آغاز اور ریکوڈک میں سوا ارب ڈالرز کی امریکی سرمایہ کاری کی منظوری اہم نکات ثابت ہوئے۔

اسٹاک مارکیٹ میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2 ہزار 780 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو 5کاروباری سیشنز میں 1لاکھ 67 ہزار 85پوائنٹس سے بڑھ کر 1لاکھ 69 ہزار 864 پوائنٹس پر بند ہوئی، جو ہفتہ وار بنیادوں پر 1.7فیصد کا اضافہ ہے جبکہ کے ایس ای 100انڈیکس کی 7روزہ بلند ترین سطح 1لاکھ 70ہزار697 پوائنٹس رہی۔

رواں ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 1لاکھ 67 ہزار 386پوائنٹس رہی۔ مارکیٹ میں 7روز کے دوران 5ارب 27کروڑ حصص کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 248ارب روپے رہی، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ہفتہ وار 282ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 19ہزار321ارب روپے تک جا پہنچی۔

Related Posts