انڈونیشیا کی میٹریس بنانے والی کمپنی ڈومی بیڈ نے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے ایک ایسا منفرد اور حیران کن طریقہ اپنایا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
(Domi Bed) کے اس غیر معمولی اشتہاری مہم کے تحت ایک شخص کو روزانہ نو گھنٹے تک چلتی گاڑی کے اندر سونے کے بدلے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ یہ گاڑی شہر کی مصروف سڑکوں پر گھومتی رہتی ہے جبکہ اندر موجود شخص ڈومی بیڈ کے میٹریس پر پرسکون نیند لیتا نظر آتا ہے۔ اس مہم کا مقصد عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ کمپنی کے میٹریس اتنے آرام دہ ہیں کہ شور، ہجوم اور حرکت کے باوجود بھی گہری نیند ممکن ہے۔
یہ تشہیری مہم مارکیٹنگ کی ایک مثال ہے جس میں کم لاگت مگر غیر روایتی اور چونکا دینے والے طریقوں سے عوام کی توجہ حاصل کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ طریقہ کار ایکسپیریئنشل مارکیٹنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان سے بھی ہم آہنگ ہے جہاں برانڈز صارفین کو یادگار تجربات کے ذریعے اپنی مصنوعات سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم بعض حلقوں کی جانب سے اس مہم پر تحفظات بھی سامنے آئے ہیں خاص طور پر شہری سڑکوں پر حفاظت اور عملی امکانات کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ڈومی بیڈ کی یہ حکمت عملی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں نیند کی صحت پر توجہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ طبی تحقیقات کے مطابق ناقص نیند متعدد جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے جس کے باعث معیاری میٹریس اور سلیپ پروڈکٹس کی عالمی مارکیٹ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس مہم کی غیر معمولی مقبولیت اس بات کی واضح مثال ہے کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کس طرح کسی برانڈ کے پیغام کو عالمی سطح پر پھیلا سکتے ہیں خاص طور پر اُن کمپنیوں کے لیے جو محدود وسائل کے باوجود منفرد انداز میں اپنی شناخت بنانا چاہتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








