دیکھئے ویڈیو: دہلی میں خدا کے وجود پر مناظرہ، معروف ملحد اور شاعر جاوید اختر کو مفتی شمائل کے ہاتھوں شکست

تازہ ترین

تازہ ترین

جاوید اختر، مفتی شمائل، فوٹو یوٹیوب

بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں خدا کے وجود کے موضوع پر ہونے والی گرینڈ ڈیبیٹ میں معروف فلمی نغمہ نگار اور علانیہ ملحد جاوید اختر کو نوجوان اسلامی اسکالر مفتی شمائل احمد عبداللہ ندوی مضبوط دلائل کے ساتھ مکمل طور پر ناک آؤٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مفتی شمائل ندوی نے نہایت مدلل انداز میں وجودِ باری تعالیٰ پر دلائل پیش کیے، جن کے سامنے جاوید اختر کے اعتراضات کمزور پڑتے چلے گئے اور وہ اپنے ملحدانہ موقف کا دفاع نہ کر سکے۔

واضح رہے کہ اس ڈیبیٹ کی تیاری کئی دنوں پر محیط رہی، جس میں دونوں فریقین کے درمیان ای میل کے ذریعے شرائط طے کی گئیں۔ مقامِ مناظرہ دہلی پر اتفاق ہوا، سامعین کی تعداد محدود اور دونوں جانب سے مساوی رکھی گئی، جبکہ ویڈیو کو بغیر ایڈٹ دونوں فریقین کو فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پروگرام کی میزبانی معروف صحافی ابھیسار شرما نے کی، جبکہ اس کا براہِ راست نشر مفتی شمائل عبداللہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر کیا گیا۔

ڈیبیٹ کے دوران مفتی شمائل ندوی نے عقلی، فطری اور فلسفیانہ دلائل کے ذریعے خدا کے وجود کو ثابت کیا، جبکہ جاوید اختر ان دلائل کا کوئی مضبوط اور منطقی جواب پیش نہ کر سکے۔ یوں یہ مناظرہ عملی طور پر ایک طرفہ ثابت ہوا اور علمی حلقوں میں اسے اسلام کے فکری موقف کی واضح برتری قرار دیا جا رہا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ جاوید اختر اگرچہ آج مذہب کے سخت ناقد اور ملحد کے طور پر جانے جاتے ہیں، لیکن وہ انیسویں صدی کے عظیم مسلم عالمِ دین علامہ فضلِ حق خیرآبادی کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔

علمی و فکری حلقوں کے مطابق دہلی میں ہونے والی اس ڈیبیٹ میں جاوید اختر کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مفتی شمائل ندوی نے نہ صرف مناظرہ جیتا بلکہ دلیل، اخلاق اور خیرخواہی کے ساتھ حق بات کو مؤثر انداز میں پیش کرکے دین اسلام کا مقدمہ جیت لیا۔

Related Posts