چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی تحریکِ انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلے کو انصاف کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورا پاکستان افسردہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج انصاف کا قتل ہوا، ہمارا خیال تھا کہ سزاؤں کا سلسلہ شاید رک جائے اور ہم اچھی امید کے ساتھ نئے سال کا آغاز کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج جو فیصلہ سنایا گیا، اس پر پورا پاکستان غمزدہ ہے، بدقسمتی سے کچھ لوگ ہمارا راستہ روک رہے ہیں۔ جمہوریت کیلئے کیا دعا کی جائے جب ہر دن ماورائے آئین فیصلے دئیے جائیں؟
خیال رہے کہ آج توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17سال قید کی سزا سنائی گئی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک ہی جرم میں چار مرتبہ سزا ہوگئی۔ ایسے فیصلوں سے ملک میں انتشار میں مزید اضافہ ہوگا۔
دریں اثناء سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم عدالت گئے کیونکہ مقدمے کی سماعت تھی لیکن کیس کا فیصلہ سامنے آگیا جو غیر متوقع تھا۔ ہمیں اس جبر کو سہنے یا نہ سہنے کا فیصلہ کرنا ہے۔
سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ یہ معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت یا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ مجموعی ہے۔ پی ٹی آئی اقتدار کی جنگ نہیں لڑنا چاہتی بلکہ ہمیں اصولوں کی جنگ لڑنا ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








