ڈہرکی میں جرگے کا انسانیت سوز اقدام، جرمانہ اور 2 لڑکیاں دینے کے فیصلے پر کیا کارروائی ہوئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

انسانیت سوز
(فوٹو: آن لائن)

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی میں جرگے نے انسانیت سوز اقدام اٹھاتے ہوئے متأثرہ خاندان کو نہ صرف 10لاکھ روپے کا جرمانہ کیا بلکہ 2 لڑکیاں دینے کا شرمناک فیصلہ بھی سنایا جس پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 1 ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں سیاہ کاری کے نام پر غیرقانونی جرگہ منعقد کرنے کے معاملے پر ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کی۔ ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کی ہدایت پر پولیس نے فوری طور پر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈہرکی میں سیاہ کاری کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر جرگہ بلایا گیا، متأثرہ خاندان پر 10 لاکھ جرمانہ اور 2لڑکیاں بطور ازالہ دینے کا غیر قانونی فیصلہ ہوا۔ پولیس نے ملزمان میں شامل عمر رسیدہ شاہنواز بھیو کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے جرگے میں ملوث دیگر 6ملزمان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ جرگے میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کٹہرے میں لانے کیلئے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی گھوٹکی سمیت پولیس افسران کا ماننا ہے کہ ضلع بھر میں غیر قانونی جرگے ناقابلِ قبول ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور سیاہ کاری سمیت کسی بھی قسم کے معاملے پر غیر قانونی فیصلوں میں ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔

Related Posts