بالی ووڈ اداکارہ نورا فتیحی کی گاڑی ممبئی میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے بعد اداکارہ کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکارہ ہفتے کے روز کنسرٹ میں شرکت کیلئے جارہی تھیں۔حادثے کے بعد اداکارہ نے ویڈیو بھی جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتےکو ممبئی میں امریکی ڈی جے ڈیوڈ گیٹا کے کنسرٹ کیلئے جاتے ہوئے اداکارہ حادثے کا شکار ہوئیں۔ جس ڈرائیور نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری وہ نشے میں دھت تھا۔ حادثے کے باعث اداکارہ کو بھی چوٹیں آئیں۔
بعد ازاں اداکارہ کی ٹیم نے انہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹرز نے سی ٹی اسکین کیا اور اندرونی چوٹ سمیت دیگر منفی عوامل کو مسترد کردیا۔ ڈاکٹرز نے نورا فتیحی کو آرام کا مشورہ بھی دیا تاہم اداکارہ نے کنسرٹ میں جانے کا انتخاب کیا۔
نورافتیحی اب کیسی ہیں؟
اپنی صحتیابی کے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتاتے ہوئے اداکارہ نورا فتیحی نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں جبکہ ہفتے کی سہ پہر کو میرا کار ایکسیڈنٹ ہوا تھا۔ ایک نشے میں دھت شخص نے میری گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ بدقسمتی سے میرا سر گاڑی کی کھڑکی میں جالگا تھا، لیکن میں زندہ اور ٹھیک ہوں۔ کچھ معمولی چوٹیں لگی ہیں اور دماغ ہل کر رہ گیا تاہم میں اس پر شکرگزار ہوں کہ میری طبیعت بہتر ہے۔ میری پوسٹ کا مقصد یہ کہنا تھا کہ نشے میں گاڑی نہ چلائیں۔ مجھے الکوحل سے نفرت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








