کراچی میں صبح سویرے سے دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، حدِ نگاہ متأثر ہونے کے باعث متعدد بین الاقوامی پروازیں دیگر ائیرپورٹس کو منتقل کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی دھند کے باعث حدِ نگاہ متأثر رہی جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ کراچی میں سپر ہائی وے، سرجانی ٹاؤن، گلستانِ جوہر، سہراب گوٹھ، کلفٹن، ڈیفنس اور آئی آئی چندریگر روڈپر بھی دھند نے ڈیرے لگالیے۔
کراچی کی ایم 9موٹر وے پر بھی حدِ نگاہ صفر تک گر گئی جبکہ مختلف علاقوں بشمول کریم آباد، یونیورسٹی روڈ اور ناردرن بائی پاس پر دھند کا راج رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم از کم درجہ حرارت آج ساڑھے 17ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 28 سے 30ڈگری تک جاسکتا ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی موسم ابر آلود جبکہ رات کو خنک رہے گا۔شہریوں کو سرد موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
اس کے علاوہ دھند کے باعث کراچی کی 6بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ائیرپورٹس پر منتقل کیا گیا۔ ترجمان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث عالمی پروازیں کراچی سے مسقط منتقل کی گئی ہیں۔ نجی ائیر لائن کی پرواز جدہ سے کراچی کی بجائے اسلام آباد منتقل کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








