پی آئی اے کی سب سے بڑی بولی! جانیں 135 ارب کی پیشکش دینے والے عارف حبیب کون ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیئم نے سب سے زیادہ بولی دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر تین بولیاں موصول ہوئیں۔ سب سے زیادہ 135 ارب روپے کی بولی عارف حبیب گروپ، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکول اور لیک سٹی ہولڈنگز پر مشتمل کنسورشیئم کی جانب سے دی گئی۔

اس نجکاری عمل میں پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ایئر بلیو اور لکی گروپ کے کنسورشیئم نے بھی حصہ لیا۔ منگل کے روز براہ راست نشر ہونے والی تقریب میں سب سے پہلے لکی گروپ کی بولی کھولی گئی جس میں پی آئی اے کے لیے 101.5 ارب روپے کی پیشکش کی گئی۔ بعد ازاں ایئر بلیو نے 26.5 ارب روپے کی بولی جمع کرائی۔

حکومت پاکستان نے پی آئی اے کی فروخت کے لیے کم از کم قیمت 100 ارب روپے مقرر کر رکھی تھی۔ اس بنیاد پر عارف حبیب گروپ اور لکی گروپ کی بولیاں قابلِ قبول قرار پائیں اور اب دونوں کے درمیان دوسرے مرحلے کی اوپن بڈنگ ہو گی۔

عارف حبیب کون ہیں؟

عارف حبیب پاکستان کے معروف کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور اسٹاک مارکیٹ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ Arif Habib Group کے بانی ہیں جو پاکستان کے نمایاں اور متنوع کاروباری گروپس میں شمار ہوتا ہے۔

عارف حبیب کا تعلق کراچی کے ایک میمن خاندان سے ہے جن کے آبا و اجداد کا تعلق بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بانٹوا سے ہے۔ انہوں نے کم عمری میں ہی اسٹاک بروکریج کے شعبے میں قدم رکھا اور 1970 کی دہائی میں کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بطور بروکر کام کا آغاز کیا۔

وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے سرمایہ کاری، مالیاتی خدمات، کھاد، سیمنٹ، اسٹیل، ریئل اسٹیٹ اور توانائی جیسے مختلف شعبوں میں کامیاب کاروبار قائم کیے۔ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور سرمایہ کاری مارکیٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ عارف حبیب سنٹرل ڈپازٹری کمپنی کے بانی اراکین میں شامل رہے اور اس کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ مختلف سرکاری و نجی اقتصادی فورمز پر حکومت کو مشاورتی خدمات بھی فراہم کر چکے ہیں۔

سماجی سطح پر بھی وہ متحرک کردار ادا کرتے ہیں اور متعدد تعلیمی، فلاحی اور صحت کے اداروں سے وابستہ ہیں۔ اس وقت وہ Arif Habib Corporation Limited کے چیف ایگزیکٹو اور اپنے گروپ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Related Posts