یوٹیوب نے اے آئی جنریٹڈ کانٹینٹ کے خلاف سخت کارروائی کا ڈنڈا اٹھالیا، مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے گمراہ کن فلمی ٹریلرز پھیلانے کے الزام میں کمپنی نے دو معروف چینلز بند کر دیے ہیں۔
یوٹیوب کے سخت اقدام کا نشانہ بننے والے یہ دو چینلز بھارت سے تعلق رکھنے والا اسکرین کلچر (screen culture) اور امریکا بیسڈ کے ایچ اسٹوڈیو (KH Studio) تھے، یہ دونوں چینل مجموعی طور پر دو ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھتے تھے اور پلیٹ فارم سے ہٹائے جانے سے پہلے ایک ارب سے زیادہ ویوز حاصل کر چکے تھے۔
ڈیڈ لائن کی رپورٹ کے مطابق ان چینلز کے پیچھے موجود تخلیق کاروں نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے جعلی فلمی ٹریلرز تیار کیے، جن میں اکثر اے آئی سے بنائے گئے مناظر کو موجودہ فلموں کے کاپی رائٹ شدہ فوٹیج کے ساتھ ملایا جاتا تھا۔ یہ ویڈیوز اس انداز میں پیش کی جاتی تھیں کہ بہت سے ناظرین انہیں باقاعدہ فلم اسٹوڈیوز کی آفیشل ریلیز سمجھ بیٹھتے تھے۔
یوٹیوب اس سے قبل پالیسی کی خلاف ورزیوں پر دونوں چینلز کی مونیٹائزیشن ختم کر چکا تھا، تاہم بعد میں اس وقت حتمی قدم اٹھایا گیا جب تخلیق کاروں نے ’’فین ٹریلر‘‘ جیسے وضاحتی نوٹس ہٹا دیے، جو پہلے ان ویڈیوز کے غیر آفیشل ہونے کی نشاندہی کرتے تھے۔
یوٹیوب کے ایک ترجمان کے مطابق یہ چینلز اسپام، گمراہ کن مواد اور دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں سے متعلق کمپنی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ ان چینلز کی بندش اس بات کی عکاس ہے کہ تفریحی صنعت میں ایسے اے آئی مواد پر تشویش بڑھ رہی ہے جو سرکاری مواد کی نقالی کرتا اور ناظرین کو گمراہ کرتا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوٹیوب سمیت دیگر بڑے پلیٹ فارمز پر اے آئی سے تیار کردہ میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً اس مواد کے حوالے سے جو کاپی رائٹ شدہ کاموں کا استحصال کرتا یا خود کو مستند ظاہر کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








