گورنمنٹ حج اسکیم کے تحت رجسٹرڈ عازمین کیلئے بری خبر یہ آئی ہے کہ حکومت نے گورنمنٹ اسکیم کے عازمین پر مالی بوجھ بڑھا دیا ہے اور اضافی ہوائی کرائے کی مد میں 1.67 ارب روپے شامل کیے ہیں۔
اب ہر حاجی کو اضافی 14,000 روپے ادا کرنے ہوں گے، جس کے بعد فی کس کل ہوائی کرایہ 238,000 روپے ہو جائے گا، جو پچھلے سال کے 224,000 روپے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ گورنمنٹ اسکیم کے تحت سفر کی سہولیات پی آئی اے، سعودی ائرلائنز اور دو نجی ائرلائنز فراہم کریں گی۔ اس سال حکومت کی حج اسکیم کے ذریعے کل 119,210 عازمین کے حج کی توقع ہے۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ ہوائی کرائے میں اضافہ ائرلائنز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے ہے تاکہ تمام حاجیوں کے لیے کافی پروازیں اور محفوظ، منظم سفر یقینی بنایا جا سکے۔ حاجیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اضافی اخراجات کے لیے تیاری کریں اور اپنی نشستیں کنفرم کرنے کے لیے بروقت ادائیگی مکمل کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








