کراچی: بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقعے پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ دن بھر سرکاری و غیر سرکاری سطح پر تقاریب میں بانئ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، آپ نے ابتدائی طور پر کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور ہندو مسلم یکجہتی کی کوشش کی، تاہم آگے چل کر دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کی بنیاد رکھی۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ایک سیاست دان تھے۔
تاریخ پاکستان کے مطابق قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد، اور تنظیم پر مبنی اصول قوم کو دینے والے محمد علی جناح نے اسلام کو ہی ملک کا سرمایہ افتخار قرار دیا۔ بابائےقوم نے اپنے کردار اور عمل سے مسلمانانِ برصغیر کے دل جیتے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ ونسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسےرہنما اصول دئیے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر نے بھی قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پاک فوج نے قائد اعظم کے مضبوط خودمختار جمہوری اور خوشحال پاکستان کے ویژن سے غیر متزلزل وابستگی اور قوم کی سلامتی و تحفظ کیلئے کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گارڈز تبدیلی کی تقریب
آج قائد اعظم کے یومِ پیدائش کے موقعے پر مزارِ قائد پر ہونے والی گارڈز تبدیلی کی تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ میجر جنرل افتخار چوہدری (ہلالِ امتیاز) نے تقریب کے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مزارِ قائد پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تأثرات بھی درج کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








