مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

تازہ ترین

تازہ ترین

کرسمس
(فوٹو: آن لائن)

مسیحی برادری آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کا مذہبی تہوار منار ہی ہے۔ اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی اہم شخصیات نے مبارکباد پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق کرسمس کی شام آتے ہی دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات شروع ہوئیں اور لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کی گئیں اور قومی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔

پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر شہروں میں بھی کرسمس کی تقریبات منعقد ہوئیں، خصوصاً لندن، ماسکو، پیرس، واشنگٹن ڈی سی اور دبئی سمیت دیگر شہروں میں کرسمس کی رنگارنگ سجاوٹ ہوئی۔ ویٹی کن سٹی میں خصوصی عبادات منعقد کی گئیں اور پوپ لیو نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے حالات اجاگر کیے۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو کا کہنا تھا کہ اگر مسیحی برادری غریبوں اور اجنبیوں کی مدد نہ کرے تو یہ خدا کو مسترد کرنے کے مترادف ہوگا۔ اس کے علاوہ فلسطینی شہر بیت لحم میں تاریخی چرچ آف نیٹی ویٹی میں بھی مسیحی برادری کا اجتماع منعقد کیا گیا۔ مسیحی برادری کی جانب سے دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات منائی جارہی ہیں۔

اس موقعے پر پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری  پاکستان میں مثبت، فعال اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابلِ قدر کردار ادا کررہی ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور پاکستان کیلئے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید ثابت ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کرسمس کا دن پوری انسانیت کیلئے پیغام محبت، امن و رواداری اور خیرسگالی کے جذبات سے منسلک ہے۔ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی مخلصانہ کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ دہشتگردی کےخلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ مسیحی برادری کی قربانیاں ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں۔

Related Posts