لاہور: 9مئی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، یاسمین راشد کو 10 سال، محمود الرشید کو 33سال قید

تازہ ترین

تازہ ترین

یاسمین راشد
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیاں نذرِ آتش کرنے کے مقدمات کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو 10 سال جبکہ محمود الرشید کو 33سال قید کی سزا سمیت دیگر متعدد ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔

تصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے 2 مقدمات میں ناکافی شواہد کی بنیاد پر 23ملزمان بری کردئیے۔ جبکہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں سمیت 7ملزمان پر جرم ثابت ہونے کا اعلان کرتے ہوئے قید کی سزائیں سنائیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33سال قید اور 6لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ فیصلے کے مطابق میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت الگ الگ سزائیں دی گئی ہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ فیصلے کے مطابق سازش سے متعلق میٹنگ میں تینوں رہنما موجود تھے، جن کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق استغاثہ نے ثابت کیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 4رہنما جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کیلئے عوام میں اشتعال اور انتشار پھیلا رہے تھے، اسی اشتعال کے باعث املاک کو نقصان پہنچا۔

فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن نے مختلف واٹس ایپ پیغامات، 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفاصیل، ملزمان کے خلاف فارنزک رپورٹس پیش کیں، جن کو شواہد کا حصہ بنایا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا گیا۔

Related Posts