لاہور کی کینال روڈ پر باراتیوں کی گاڑی نہر میں جاگرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، واقعہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرائیور تیز رفتار ویگن پر قابو نہ رکھ سکا جو نہر میں جاگرنے کے باعث جانی نقصان ہوا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے باعث 1 شخص جاں بحق جبکہ 5زخمی ہوئے۔ 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بعد ازاں 4زخمیوں ک ڈاکٹرز ہسپتال جبکہ ایک کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں شامل ایک بچی، خاتون اور مرد کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت 55سالہ حنیف کے نام پر ہوئی، جس کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردی گئی۔
لاہور میں ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جہاں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سڑکوں کے ناکافی حفاظتی انتظامات قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں۔
کینال روڈ، رنگ روڈ اور دیگر مصروف شاہراہوں پر آئے روز پیش آنے والے حادثات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شہریوں میں ٹریفک شعور کی کمی اور قوانین پر عملدرآمد کا فقدان موجود ہے، جبکہ شادی بیاہ اور تقریبات کے دوران گاڑیوں کا غیر محتاط استعمال خطرات کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








