نہ دولہا، نہ بارات! دو لڑکیوں کی شادی نے سب کو حیران کر دیا؛ شادی کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارت کی ریاست بہار کے ضلع سپاول میں ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں دو نوجوان لڑکیوں نے آپس میں شادی کر لی۔ اس شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد علاقے میں بحث و مباحثے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 21 سالہ پوجا گپتا، جو ضلع مدھی پورا کے مرلی گنج کی رہائشی ہیں اور 18 سالہ کاجل کماری، جو شنکر پور علاقے سے تعلق رکھتی ہیں ایک ہی شاپنگ مال میں ملازمت کرتی ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی تھی جہاں دوستی کا آغاز تقریباً دو سال قبل ہوا جو وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کی 23 تاریخ کو رات گئے دونوں لڑکیوں نے ایک نجی مقام پر شادی کی رسم ادا کی۔ ہندو روایت کے مطابق ہون کی آگ کے بجائے انہوں نے گیس چولہے کی آگ کے گرد سات پھیرے لیے۔ اس شادی کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

دونوں لڑکیوں کا کہنا ہے کہ انہیں مردوں میں کوئی دلچسپی نہیں اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے تروینی گنج کے وارڈ نمبر 18 میں ایک کرائے کے کمرے میں ساتھ رہ رہی تھیں۔ شادی کے بعد جب وہ واپس اپنے کمرے پہنچیں تو محلے والوں کو اس بات کا علم ہوا جس کے بعد وہاں لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔

خاندانی مخالفت کے باوجود دونوں نوجوان لڑکیاں اب بھی ایک ساتھ رہ رہی ہیں اور شاپنگ مال میں اپنی ملازمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ پورے سپاول ضلع میں گفتگو اور بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں ہم جنس تعلقات قانونی طور پر تسلیم شدہ ہیں تاہم سماجی سطح پر انہیں اب بھی مکمل قبولیت حاصل نہیں ہو سکی۔

Related Posts