علیحدگی کی راہیں؛ قانونی جنگ کا آغاز! عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کے تہلکہ خیز انکشافات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کے سابق قومی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان ازدواجی اختلافات اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ دونوں کی جانب سے علیحدگی سے متعلق الگ الگ بیانات سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ثانیہ اشفاق نے حالیہ دنوں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا گھر اجڑ چکا ہے اور ان کے بچے اپنے والد کی موجودگی سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ کے ننھے بچے کو بھی اس کے والد نے اب تک گود میں نہیں لیا، جو ان کے لیے نہایت تکلیف دہ صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے دوران مسائل ضرور رہے مگر اس کے باوجود انہوں نے بطور بیوی اور ماں رشتہ بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ ثانیہ اشفاق کے مطابق معاملات اس وقت بگڑ گئے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ مذکورہ خاتون عماد وسیم سے شادی کی خواہشمند تھی جس کے باعث انہیں ذہنی دباؤ اور تلخ رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ بچوں کے مستقبل اور خاندان کے وقار کی خاطر انہوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی تاہم اب وہ خاموش نہیں رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں دستاویزات منظرِ عام پر نہ لانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں مگر وہ اس معاملے میں قانونی راستہ اختیار کریں گی۔ ان کے مطابق وہ بدلے کے لیے نہیں بلکہ اپنے بچوں اور ہر اس خاتون کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں جسے معاشرے میں خاموش کروا دیا جاتا ہے اور اس پورے معاملے کے حوالے سے ان کے پاس دستاویزی شواہد موجود ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by @sannia_ashfaq2

دوسری جانب، عماد وسیم نے بھی اپنی ازدواجی صورتحال پر وضاحت جاری کی ہے۔ سابق آل راؤنڈر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے کافی سوچ بچار کے بعد اہلیہ سے علیحدگی کے لیے عدالت میں طلاق کا کیس دائر کیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے دونوں کے درمیان اختلافات موجود تھے جو حل نہ ہو سکے اسی لیے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔

عماد وسیم نے عوام اور مداحوں سے اپیل کی کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے، پرانی تصاویر یا غیر متعلقہ معاملات کو بنیاد بنا کر قیاس آرائیاں نہ کی جائیں اور کسی قسم کا بیانیہ تشکیل دینے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس درخواست کے باوجود معاملے کو اچھالا گیا تو وہ قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنے بیان میں عماد وسیم نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرپرستی کرتے رہیں گے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور اس رشتے سے ان کے تین بچے ہیں۔ یہ معاملہ اب قانونی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور دونوں فریقین کی جانب سے بیانات سامنے آنے کے بعد بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

Related Posts