وقت تھم سا گیا! سلمان خان اور سشمیتا سین کی 25 سال بعد چنری چنری پر دبنگ پرفارمنس

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی 60ویں سالگرہ کی تقریب ایک یادگار لمحے میں بدل گئی جب انہوں نے سابق مس یونیورس اور اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ اپنی 1999 کی سپر ہٹ فلم بیوی نمبر ون کے مقبول گانے چنری چنری پر دلکش پرفارمنس دی۔ اس مختصر مگر دل کو چھو لینے والے ڈانس نے مداحوں کو نوّے کی دہائی کی حسین یادوں میں واپس پہنچا دیا۔

یہ خوشگوار منظر سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس پر منعقد ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں دیکھنے کو ملا جہاں آدھی رات کے بعد جشن عروج پر تھا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان اور سشمیتا پہلے گرم جوشی سے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں اور پھر گانے کے مشہور ہک اسٹیپس پر ڈانس شروع کرتے ہیں۔ ایک موقع پر سشمیتا نے شوخی سے اشارہ کیا تو سلمان نے بھی اسی انداز میں جواب دیا جس پر محفل تالیوں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں موجود سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا سمیت دیگر مہمانوں نے بھی اس لمحے سے خوب لطف اٹھایا۔ دونوں اداکاروں کی کیمسٹری، دلکشی اور ہلکا پھلکا رومانس بالکل ویسا ہی محسوس ہوا جیسا برسوں پہلے فلم میں نظر آیا تھا جو اس گانے کی لازوال مقبولیت کا ثبوت ہے۔

چنری چنری کی دھن، رنگین ماحول اور سادہ رومان آج بھی شائقین کو مسحور کیے ہوئے ہے چاہے وہ ٹی وی پر ری رنز ہوں، شادیوں کی پلے لسٹس یا سوشل میڈیا ریلز۔ اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی مداحوں نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے کہاکہ بالی ووڈ کے کچھ لمحات ایسے ہیں جو وقت کے ساتھ مدھم نہیں پڑتے بلکہ برسوں بعد بھی اسی تازگی اور خوبصورتی سے دلوں کو چھو لیتے ہیں۔

Related Posts