محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع بارش اور برفباری کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مغربی ہواؤں کی آمد آج رات سے شروع ہو رہی ہے جو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سبب بنے گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 30 دسمبر کو ہوا کی شدت میں اضافہ ہوگا اور 31 دسمبر کو بالائی و وسطی علاقوں میں بارش کی توقع ہے جس کے اثرات 2 جنوری کی صبح تک رہنے کا امکان ہے۔ ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری، گلیات، اسکردو اور ہنزہ جیسے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے شہریوں اور مسافروں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ بارشوں کے اثرات سے وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہنگامی ریسپانس ٹیمیں تیار رکھنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے موسمی صورتحال اور حفاظتی تدابیر سے متعلق رہنمائی حاصل کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








