پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ تمام موبائل سمز اپنے نام پر رجسٹرڈ کروانا لازمی ہے۔ کسی اور کے نام سے سم استعمال کرنا اب قانونی طور پر ممنوع ہوگا اور اس کے نتائج رجسٹرڈ صارف کی ذمہ داری ہوں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق ہر صارف اپنی سمز اور ٹیلی کام کنکشن کے استعمال کا خود ذمہ دار ہوگا۔ کالز، میسجز اور ڈیٹا کے استعمال کے دوران قواعد و ضوابط کی پابندی لازمی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ انتباہ کوئی نیا اقدام نہیں بلکہ صارفین کو یاد دہانی فراہم کرنے کا طریقہ ہے۔ ایگریمنٹ میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ سم جاری کرنے والے شخص کے نام پر ہوگی۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق ہر شخص اپنے نام پر زیادہ سے زیادہ 8 سمز رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔ سم استعمال کرنے کی ذمہ داری مکمل طور پر صارف کی ہوگی اس لیے پی ٹی اے نے صارفین کو تاکید کی ہے کہ وہ صرف اپنے نام پر سم استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ کسی اور کے نام پر موجود سمز بند کی جائیں گی یا نہیں تاہم صارفین اپنی رجسٹرڈ سمز کی تعداد معلوم کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر سینڈ کریں اور انہیں میسج کے ذریعے اپنی سمز کی تعداد کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








