نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں نئے سال 2026 کا آغاز ہو گیا۔ جیسے ہی مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے، مشہور اسکائی ٹاور سے شاندار آتش بازی کا آغاز ہوا آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ اس دلکش منظر کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد واٹر فرنٹ اور شہر کے مرکزی علاقوں میں جمع تھے۔
اس سال تقریبات کی ایک خاص جھلک یہ رہی کہ رات 9 بجے سے ہی اسکائی ٹاور پر عوام کی جانب سے فراہم کی گئی 2025 کی یادگار تصاویر اور اہم لمحات کی ویڈیو پروجیکشنز دکھائی گئیں جو آہستہ آہستہ آدھی رات کے کاؤنٹ ڈاؤن تک پہنچیں۔ آتش بازی کا آغاز اسکائی ٹاور سے کیا گیا جسے سال 2025 کے مقبول گانوں کی خصوصی پلے لسٹ کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا تھا۔
اسی دوران آکلینڈ ہاربر برج پر جدید ویکٹر لائٹس کے ذریعے ایک نیا اور متحرک لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو بھی پیش کیا گیا جو کئی منٹ تک جاری رہا اور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
اس حوالے سے شہر بھر میں فیملی فرینڈلی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔کوئین اسٹریٹ پر اسٹریٹ پرفارمرز نے لوگوں کا خیرمقدم کیا جبکہ قومی نشریاتی ادارے ٹی وی این زیڈ نے تقریبات کی براہِ راست نشریات کیں۔ اسکائی سٹی کی جانب سے آن لائن اسٹریمنگ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ عوامی مقامات پر شراب نوشی اور ذاتی آتش بازی پر پابندی عائد رہی۔
نیوزی لینڈ کے دیگر شہروں بشمول ویلنگٹن، ٹاؤپو اور پائیہیا میں بھی نئے سال کی مناسبت سے آتش بازی اور روشنیوں کے شوز منعقد کیے گئے۔ اگرچہ بعض مقامات پر موسم کی خرابی کا سامنا رہا تاہم عوام نے جوش و خروش کے ساتھ تقریبات میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ دنیا کے اُن پہلے ممالک میں شامل ہے جہاں نئے سال کا آغاز ہوتا ہے اور آکلینڈ کی تقریبات کو ہر سال عالمی سطح پر خصوصی توجہ حاصل رہتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








