امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا ہے۔ آپریشن کے دوران وینزویلا کے صدر کو اہلیہ سمیت گرفتار کرکے ملک سے باہر منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ امریکا نے وینزویلا کی قیادت کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کیا گیا۔
امریکا نے وینزویلا پر حملے اور قیادت کے خلاف آپریشن کی تصدیق کردی۔ آپریشن کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی سکیورٹی اداروں نے یہ آپریشن انجام دیا ہے۔مزید تفصیلات نیوز کانفرنس میں بتاؤں گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں کو حملوں کا نشانہ بنایا، دارالحکومت سمیت مختلف شہر دھماکوں سے گونج اٹھے۔ امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ حملوں کا حکم صدر ٹرمپ نے دیا ہے۔وینزویلا کی حکومت نے امریکی حملوں پر سخت ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔
آج وینزویلا میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور مختلف علاقوں میں دھویں کے بادل چھا گئے۔ دارالحکومت کاراکس میں کم ازکم 7 دھماکے سنائی دئیے جبکہ نچلی پرواز کرنے والے طیاروں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ بڑے فوجی اڈے کے قریب واقع جنوبی کاراکاس کا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا، بلیک آؤٹ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وینزویلا اور امریکا کے تعلقات کشیدہ ہوچکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








