سردی کی شدت چونکا دے گی؟ بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 3! کراچی میں ٹھنڈ بڑھنے کا امکان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم پہاڑی اور شمالی علاقوں میں سردی شدید رہے گی اور گلگت بلتستان، کشمیر اور دیگر پہاڑی خطوں میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ ہلکی بارش یا برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے منگل کے روز پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور پہاڑی علاقوں میں سردی شدید رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی اور جزوی ابر آلودگی متوقع ہے۔صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شمالی اور بالائی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہنے کی توقع ہے جبکہ ساحلی علاقوں سمیت صوبے کے بیشتر حصوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

زیارت میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ژوب میں صفر، سبی میں 7 اور تربت میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور چمن میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقے گوادر اور جیوانی میں درجہ حرارت بالترتیب 9 اور 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ سکھر، شکارپور، روہڑی، کشمور اور موہنجوداڑو میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی شدید سردی اور جزوی ابر آلودگی برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور دھند والے علاقوں میں گاڑی چلانے اور سفر کے دوران حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔ سردی کی شدت جاری رہنے کے ساتھ، بالائی اور شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب یا اس سے بھی کم رہنے کا امکان ہے اس لیے لوگ گرم کپڑے پہنیں اور بچوں اور بزرگوں کی حفاظت کریں۔

Related Posts