ملک کے مختلف شہروں میں جما دینے والی سردی کا آغاز ہوگیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چکوال اور راجن پور سمیت متعدد شہروں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 12گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں میں بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں بہت شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور کے پی کے کے میدانی علاقوں میں معتدل سے لے کر گھنی دھند کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند سفر کے دوران مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت 3، لاہور میں 5، کراچی میں 9، پشاور میں 4۔ کوئٹہ میں صفر، گلگت میں منفی 4، مری میں صفر جبکہ مظفر آباد میں دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ، شدید سردی کی لہر نے شہریوں کو گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلنے پر مجبور کردیا جبکہ کراچی میں بھی پارہ سنگل ڈیجیٹ تک گر گیا۔
آج سے 3روز قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی کا کم از کم درجہ حرارت 9.3ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میں یہ درجہ حرارت 10 سے 12ڈگری کے درمیان رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








