ٹی 20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی ٹی 20 اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں جبکہ اسکواڈ کو ترتیب دینے کیلئے حتمی مشاورت رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 اسکواڈ کے کپتاقن سلمان علی آغا ہوں گے جبکہ اسکواڈ کے دیگر ممکنہ کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، شاداب خان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد شامل ہوسکتے ہیں۔
قومی ٹی 20 اسکواڈ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، سلمان مرزا اور خواجہ نافع بھی شامل ہوسکتےہ یں جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں عبدالصمد، وسیم جونیئر اور عثمان طارق شامل ہوسکتے ہیں۔
دورہ سری لنکا مکمل ہوتے ہی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن لاہور پہنچیں گے جبکہ قومی کھلاڑی سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کھیلنے کے بعد آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ ہیڈ کوچ اور کپتان سلمان علی آغا سیلیکٹرز سے حتمی مشاورت کریں گے۔
مشاورت کی تکمیل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قومی ٹی 20 اسکواڈ کی منظوری دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کے ابتدائی نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پہلے ہی بھیج دئیے تھے۔ پی سی بی کو 31جنوری سے قبل ناموں میں ردوبدل کی اجازت ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








