پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گیس لیکیج سے دھماکہ فیروزپور روڈ پراٹاری دربار کے قریب گھر میں ہوا، دھماکےکےباعث آگ لگنے سے 6 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گیس لیکیج گھر کے کمرے میں ہوئی جبکہ ہیٹر جلاتے ہی دھماکہ ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب پاکپتن میں سلنڈر ری فلنگ کے دوران دھماکہ ہوا۔ چک شفیع کے علاقے میں ہونے والے دھماکے سےدکان کی چھت اڑگئی،بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں،دکان میں آگ بھڑک اٹھی،ریسکیو نے آگ پربھی قابو پالیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں گیس دھماکے میں مرنے والے پانچ افراد کو ایچ ایٹ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا،مرنے والے باقی دو افراد کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔
تشویشناک طور پر گیس سیلنڈر اور گیس لیکیج دھماکوں کے گزشتہ تین سال کے دوران صرف پنجاب میں 488 واقعات ہوئے جن میں 25 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،لیکن آج بھی متعلقہ اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کئی مقامات پر سیلنڈرز کی غیر محفوظ موجودگی اور ری فلنگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








