ٹانک: پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ، ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 6اہلکار شہید

تازہ ترین

تازہ ترین

دھماکہ
(فوٹو: آن لائن)

ٹانک میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 6پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو گومل سے ٹانک آتے ہوئے نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس افسران میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق احمد اور ایس آئی شیر اسلم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیور عبدالمجید، ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ نے بھی جامِ شہادت نوش کرلیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نہر کوٹ ولی کے مقام پر نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردی کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مبینہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

اسی طرح سکیورٹی فورسز کو لکی مروت میں بھی نشانہ بنایا گیا۔ تھانہ صدر کی حدود میں درہ تنگ کے مقام پر بھی آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔ دھماکہ پل کے قریب نصب بارودی مواد کی مدد سے کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او رازق خان سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او لکی مروت اسی راستے سے چوکیوں کے دورے کیلئے گزرنے والے تھے اور شاید دہشت گرد انہیں نشانہ بنانا چاہتے تھے، ایک روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے اسی مقام سے ایک وکیل کو اغوا بھی کرلیا تھا، اسی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔

Related Posts