پیپلز پارٹی کے کامیاب احتجاج کے بعد وفاقی حکومت نے اسپیشل اکنامک زون ترمیمی آرڈیننس واپس لے لیا ہے۔ تشویشناک طورپر یہ آرڈیننس صدر مملکت کے دستخط کے بغیر جاری کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی نے گزشتہ روز صدر کے دستخط کے بغیر اسپیشل اکنامک زون آرڈیننس جاری کرنے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے مؤثر احتجاج کیا۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے بھی آرڈیننس کے خلاف ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آرڈیننس کے اجراء پر پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے اسپیشل اکنامک زون ترمیمی آرڈیننس واپس لے لیا۔
اعلامیے کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 89/2 کے تحت آرڈیننس واپس لینے کی ایڈوائس دی۔ آرڈیننس واپس لیے جانے کے بعد پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین ممکنہ سیاسی محاذ آرائی کا خطرہ بھی ٹل گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
اسپیشل اکنامک زون آرڈینس صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کے بغیر جاری کرنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، تاہم آرڈیننس واپس لیے جانے کے ساتھ ہی پی پی پی قیادت آج کے اجلاس میں شرکت کیلئے تیار ہوگئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








