واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی ایران اور پاکستان سمیت ایران کے ہمسایہ ممالک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایران سے تجارت کرنے والے ممالک میں پاکستان، بھارت، چین، متحدہ عرب امارات، ترکی، عراق، بنگلہ دیش، روس، عمان اور قطر جیسے ممالک بھی شامل ہیں جو امریکی صدر کے اس فیصلے سے متأثر ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرکے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ حتمی حکم ہے اور اس اقدام کا اطلاق فوری طور پر کریں گے۔ وہ تمام ممالک جو ایران کے ساتھ کاروبار کریں گے، انہیں امریکا کے ساتھ ہر قسم کی تجارت کے معاملے میں 25فیصد ٹیرف کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر ملک بھر میں جاری احتجاج کے دوران مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا یا قتل کیا گیا تو امریکا فوجی مداخلت کیلئے تیار ہے اور صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف عائد کرنے کو بھی اسی طر ز کا اقدام قرار دیا جارہا ہے۔
ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے امریکی صدر کا گزشتہ روز بھی کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی سمیت مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








