نوے کی دہائی میں رومانوی فلموں کی ہیروئن رہنے والی رانی مکھرجی نے ایکشن ہیرو کی جگہ لے لی جو اب اماں نامی ولن کے تعاقب میں ہیں۔ کمسن بچیوں کی سفاک قاتل اور لیڈی پولیس افسر کی لرزہ خیز لڑائی پر مشتمل مردانی 3 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
گزشتہ روز سے اب تک مردانی 3 کے ٹریلر کو 31لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے جبکہ ٹریلر کی ویڈیو کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا۔ ٹریلر میں اداکارہ رانی مکھرجی پولیس افسر شیوانی شیواجی رائے کے کردار میں ایکشن میں نظر آرہی ہیں جنہیں 2 کمسن لڑکیوں کے اغوا کا کیس دیا جاتا ہے۔
خاتون پولیس افسر کو پتہ چلتا ہے کہ اس کا سامنا ایک بڑے ہیومن ٹریفکنگ نیٹ ورک سے ہے جسے ایک عمر رسیدہ ولن اماں چلاتی ہیں۔ فلم میں یہ کردار ملیکا پرساد نبھا رہی ہیں اور ٹریلر میں ان کی اداکاری کو کافی پسند کیاجارہا ہے۔ رانی مکھرجی عزم کرتی ہیں کہ وہ اماں کو نیٹ ورک سمیت حوالات میں بند کردیں گی۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ رانی مکھر جی درجنوں بچیوں کو اماں کی قید سے بچاتی ہیں لیکن لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور ایک روز اماں رانی مکھرجی کے گھر پہنچ جاتی ہے۔ ٹریلر میں ولن کے مختلف پوز دکھا کر ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ کہانی میں بہت سے ایسے موڑ ہیں جو اپنے ناظرین کو چونکا دیں گے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رانی مکھر جی ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہے جس نے اس سے قبل مردانی اور مردانی 2 میں بھی پولیس افسر کے کردار میں قابل تعریف ایکشن کیا۔ مردانی 3 کی کہانی آیوش گپتا نے تحریر کی جبکہ فلمسازوں میں ابھی راج میناوالا اور آدتیہ چوپڑا کے نام شامل ہیں۔
ماضی میں مردانی 2 میں اداکارہ رانی مکھرجی نے بھارتی نظام حکومت کو چیلنج کرنے والے سیریل ریپسٹ کی خوفناک ذہنیت اجاگر کی اور پولیس انسپکٹر کے کردار میں انہیں کافی پسند کیا گیا تھا۔ مردانی 3 دنیا بھر کے سینما گھروں میں 30 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








