لاہور: وزیر داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی برقرار ہے، جس سے بسنت منانے کے شوقین افراد کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔ حکومت نے طویل عرصے بعد اہل لاہور کو بسنت منانے کی اجازت دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزارتِ داخلہ نے پتنگ بازی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ سناتے ہوئے پابندی کی خلاف ورزی کرنے اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بسنت کی محدود اور محفوظ اجازت صرف 6 سے 8فروری تک کیلئے ہے۔ اس کے علاوہ پابندی برقرار ہے۔ حکام کے مطابق مقررہ دنوں کے علاوہ اور وقت سے قبل پتنگ بازی غیر قانونی ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہر میں بڑھتی ہوئی پتنگ بازی کے باعث کچھ لوگ قاتل ڈور کا شکار ہو کر زخمی بھی ہوگئے تھے۔ اس لیے محکمہ داخلہ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ پتنگ بازی اور پتنگ سازی پر مکمل پابندی برقرار ہے۔
پابندی برقرار رکھنے کا مقصد عوام کو گلے پر ڈور پھرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے سے بچانا ہے۔ اس کے علاوہ چھت سے گر کر ہلاکتوں کے واقعات کی روک تھام بھی پتنگ بازی پر پابندی کی مہم کا ایک اہم مقصد سمجھا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو 5سال قید اور 20لاکھ روپے تک کا جرمانہ ہوگا۔ اسی طرح پتنگ یا ڈور بنانے یا بیچنے پر 7سال کی قید اور 50لاکھ تک جرمانہ ہے۔لاہور میں بسنت منانے کی اجازت صرف 6 سے 8فروری تک ہوگی۔اس سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی قانوناً جرم ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








