وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں سینئر براڈکاسٹر اور لیجنڈری نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کے گھر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے عشرت فاطمہ کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں بطور مینٹور خدمات انجام دینے کی باضابطہ پیشکش کی۔
عشرت فاطمہ، جو پی ٹی وی کی پہچان سمجھی جاتی ہیں اور 1980ء، 1990ء اور 2000ء کی دہائیوں میں رات 9 بجے کے اردو خبرنامے کی معروف آواز رہی ہیں سے درخواست کی گئی کہ وہ نئی نسل کے نیوز کاسٹرز کی تربیت، درست تلفظ اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے اپنا تجربہ پی ٹی وی کے ساتھ شیئر کریں۔ عشرت فاطمہ نے اس پیشکش کو خوش دلی سے قبول کر لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عشرت فاطمہ پاکستان کے ہر گھر میں پہچانی جانے والی شخصیت ہیں جنہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک نشریات کے شعبے میں شاندار خدمات انجام دیں۔ ان کا تجربہ اور موجودگی پی ٹی وی کے لیے باعثِ فخر ہوگی اور ابھرتے ہوئے نیوز کاسٹرز کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
عشرت فاطمہ نے وزیر اطلاعات کی جانب سے عزت افزائی، محبت اور ٹیلنٹ کی قدر کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی نسل کی تربیت میں کردار ادا کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہوگا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ آج انہیں آپا عشرت فاطمہ کے گھر حاضری کا شرف حاصل ہوا جہاں انہوں نے پی ٹی وی میں نئی نسل کے نیوز کاسٹرز کے تلفظ اور تربیت کے لیے ان سے تعاون کی درخواست کی، جسے انہوں نے فراخ دلی سے قبول کیا۔
آج مجھے آپا عشرت فاطمہ کے گھر حاضر ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ اس موقع پر میں نے ان سے پاکستان ٹیلی ویژن میں نئی نسل کے نیوز کاسٹرز کے تلفظ اور ان کی تربیت میں اپنا کردار ادا کرنے کی گزارش کی، جس پر انہوں نے فراخ دلی سے آمادگی کا اظہار فرمایا۔ میں تہہ دل سے آپا کا مشکور ہوں۔ میں نے ان… pic.twitter.com/daF5a3Pgvk
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) January 15, 2026
یہ پیش رفت پی ٹی وی میں تجربہ کار اور معتبر شخصیات کی شمولیت اور نوجوان ٹیلنٹ کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب عشرت فاطمہ نے حال ہی میں ریڈیو پاکستان میں 45 برس کی طویل اور قابلِ قدر خدمات کے بعد ریٹائرمنٹ اختیار کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








