ایران امریکا کشیدگی، پاکستان کی دونوں فریقین سے طاقت کے استعمال سے گریز کی اپیل

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان نے ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں دونوں فریقین سے طاقت کے استعمال سے گریز اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیو یارک میں اقوامِ متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا حل صرف پر امن ذرائع سے ہونا چاہئے۔ یکطرفہ اقدامات، مسلسل محاذ آرائی اور طاقت کے استعمال سے دنیا مسائل کے حل سے دور ہوجائے گی۔

اظہار خیال کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ طاقت کے استعمال یا دھمکی صورتحال مزید بگاڑ دیتی ہے اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ہم ایران سمیت خطے کی موجودہ صورتحال کو بغور دیکھ رہے ہیں اور موجودہ بلند سطح کی کشیدگی میں امن کو لاحق خطرات قابل تشویش ہیں۔ ایران پاکستان کا قریبی ہمسایہ اور برادر ملک ہے۔

مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایران میں حالات جلد معمول پر آجائیں۔ خطے میں امن و استحکام کیلئے تمام سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مستحکم اور پر امن ایران پاکستان، خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہے۔ عالمی قوانین کسی بھی ریاست کی سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی کی اجازت نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین تحمل اور بردباری کامظاہرہ کریں اور سفارت کاری و مکالمہ ہی متنازعہ امور کے حل کیلئے واحد راستہ ہے۔ عاصم افتخار نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان پہلے سے عدم استحکام کے شکار خطے میں تصادم کی جگہ روابط اور مذاکرات کی پالیسی کا مسلسل حامی ہے۔ فریقین کشیدگی کم کریں اور تنازعے کے پائیدار حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

Related Posts