پنجاب کے ہسپتالوں میں ہلچل، ڈاکٹروں کی 2000سے زائد مستقل پوسٹس ختم

تازہ ترین

تازہ ترین

پنجاب کے ہسپتال
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی 2000 سے زائد مستقل پوسٹس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی 2ہزار115مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ نئی بھرتیاں مستقل سروس اسٹرکچر کے بجائےمجموعی اور اسپیشل پے پیکیج کی بنیاد پر کی جائیں گی۔

ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے سیکنڈری لیول ہیومن ریسورس رولز 2025 کی منظوری دے دی، جس کے تحت 2115 نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی بھی اجازت دی گئی جو مستقل ملازمت کی بجائے فکس پیکیج پر متعارف کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں مستقل ملازمت، پنشن اورترقی کا نظام ختم ہو جائیگا، محکمہ صحت کا ماننا ہےکہ نئی پالیسی سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی دستیابی بہتر ہوگی اور ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیو اسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کا معیار بھی پہلے سے بہتر ہوجائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیاں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی بنیاد پرکی جائیں گی۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے جاری مالی سال 2025-26 کے دوران ان نئی آسامیوں پر اخراجات کی اجازت بھی دے دی ہے،نئی پالیسی کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع میں کیے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

Related Posts