اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سینئر رہنما محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ 32اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ عامر ڈوگر اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر میرے پاس آئیں، نوٹیفکیشن دینا ہے۔ اسپیکر نے عامر ڈوگر اور بیرسٹر گوہر کو اپنے چیمبر میں بلا لیا اور اعلان کیا کہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا ہے۔
اسپیکر نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی سمری پر دستخط کردئیے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر محمود خان اچکزئی کے نام کی منظوری کو سیاسی حلقوں میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ محمود اچکزئی عشروں پر طویل سیاسی تاریخ کے حامل سیاسی رہنما ہیں۔
رکنیت معطل
دوسری جانب مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 32اراکین قومی اسمبلی سمیت متعدد اراکین کی رکنیت معطل کردی گئی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اراکین کی رکنیت گوشوارے جمع کرانے تک معطل رہے گی۔ جن اراکین کی رکنیت معطل ہوئی ان میں خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل اور سائرہ تارڑ کے نام نمایاں ہیں۔
جن اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو رکنیت سے محروم کیا گیا، ان میں مہرین رضا بھٹو، سید علی موسیٰ گیلانی، سید عبدالقادر گیلانی، میر علی خان مگسی، رانا سکندر حیات، عدنان ڈوگر، عامر حیات، آغا شہباز درانی، قائم علی شاہ، تیمور تالپور اور سعید غنی بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








