کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع مشہورومعروف گل پلازہ میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، جبکہ عمارت میں متعدد افراد تاحال پھنسے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عمارت کا عقبی حصہ زمیں بوس ہوگیا اور آتشزدگی سے پوری عمارت گرجانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی سے 5افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے تاہم یہ اعدادوشمار تاحال حتمی نہیں ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔۔
ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کی عمارت پرانی اور بوسیدہ ہے اور خوفناک آتشزدگی سے عمارت گر جانے کا خدشہ ہے۔ عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں، گل پلازہ میں آگ اب سے 10گھنٹے پہلے لگی تھی۔ صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہم نے 250سے زائد افراد کو ریسکیو کیا۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ہمیں تنگ راستوں اور آتش گیر سامان کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے تاکہ تاجر برادری نے شکایت کی ہے کہ فائر بریگیڈ حکام کے پاس کبھی پانی تو کبھی ڈیزل ختم ہوجاتا ہے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ اور ریسکیو حکام کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








