کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی آگ پر 33 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہو گئی جبکہ 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے لگنے کے بعد گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر تیزی سے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے گر گئے جس نے فائر بریگیڈ کے عملے کے لیے آپریشن کو مزید خطرناک بنا دیا۔
فائر فائٹرز نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آگ بجھنے کے بعد ریسکیو ٹیم پلازہ کے اندر داخل ہوئی اور جلی ہوئی دکانوں میں محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران ایک بچے سمیت تین افراد کے اعضا ملے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
جلتی عمارت کے باہر اہل خانہ بے بسی کے عالم میں اپنے عزیزوں کی منتظر رہے۔ پولیس نے بتایا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے موبائل نمبرز حاصل کر لیے گئے ہیں اور 20 سے زائد افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کے اندر کی سامنے آئی ہے۔
تیسری منزل پر کسی شخص کے پھنسے ہونے کے خدشے پر ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا تاہم وہاں کوئی شخص موجود نہ پایا گیا۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق کھڑکیوں کو کٹر کے ذریعے کاٹا جا رہا ہے اور بعض دیواریں ہتھوڑوں کی مدد سے توڑی جا رہی ہیں تاکہ اندر تک رسائی ممکن ہو سکے۔
ریسکیو حکام نے خبردار کیا ہے کہ آگ کے باعث عمارت کے ستون کمزور ہو چکے ہیں متعدد جگہ دراڑیں پڑ گئی ہیں اور عمارت کا کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








