خیبر پختونخوا میں گھریلو ناچاقی پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ملزم کی اپنی بیوی، بیٹی، بھائی اور بھابھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھریلو تنازعے پر فائرنگ کی۔ ملزم کی اندھا دھند فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 بچیوں سمیت 6افراد موقعے پر جاں بحق ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کرکے جن افراد کی جان لی، ان میں ملزم کے 2 سگے بھائی، ایک بھابھی، بیوی اور بیٹی بھی شامل ہیں۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے ملزم کو قابو کرلیا۔
ملزم کی فائرنگ پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس سے ملزم زخمی ہوگیا۔ پولیس نے حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے پرانا سخاکوٹ میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گھر کے صحن میں دفنا دی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
مقتول لطف الرحمن چند روز سے لاپتہ تھا جس پر اس کے بھائیوں نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ملاکنڈ لیویز نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور مقتول کی اہلیہ کو بھی تفتیش میں شامل کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








