کوئی غلطی ہوئی ہو تو معاف کر دینا! سنیں گل پلازہ سانحے میں شہید شخص کا آخری آڈیو پیغام

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی خوفناک آگ کے دوران عمارت کے اندر پھنسے ایک شخص کا آخری آڈیو پیغام منظر عام پر آیا ہے۔

دوران آگ عمارت میں پھنسے ایک شخص نے اپنے اہلخانہ کو فون کرکے خوفناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ وائرل آڈیو میں اس شخص نے پہلے سلام کیا اور پھر فیملی کا بتایا کہ میں گل پلازہ کے اندر پھنسا ہوا ہوں۔ آگ بہت شدید ہے اور باہر نکلنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ اگر میں نے کبھی کسی سے کوئی غلطی کی ہو یا کوئی کوتاہی ہوئی ہو تو مجھے معاف کر دیں۔

پیغام کے بیک گراؤنڈ میں دیگر پھنسے ہوئے لوگوں کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں جن میں ایک شخص یا اللہ کہتا ہے اور دروازہ توڑنے کی ہدایت دیتا ہے۔ جواب میں پھنسے شخص نے بتایا کہ باہر بھی شدید شعلے موجود ہیں۔ یہ آڈیو پیغام آگ لگنے کے وقت ریکارڈ کیا گیا تھا اور اس سے عمارت کے اندر کی ہولناک صورتحال واضح ہوتی ہے۔

ہلاکتیں: مختلف رپورٹس کے مطابق 14 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں بہادر فائر فائٹر فرقان علی بھی شامل ہیں جو لوگوں کو بچانے کی کوشش میں شہید ہوئے جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

لاپتہ افراد: اہل خانہ کی جانب سے 59 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ریسکیو آپریشن:

آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جلی ہوئی عمارت میں داخل ہو کر زندہ بچ جانے والوں اور لاشوں کی تلاش کر رہی ہیں۔ عمارت کے کچھ حصے منہدم ہو چکے ہیں اور مکمل سرچ اینڈ ریسکیو جاری ہے۔ تنگ راستوں اور منہدم ڈھانچے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہو رہی ہیں۔

یہ سانحہ ہفتہ کی رات (17-18 جنوری) شروع ہوا تھا اور تقریباً 33 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ متاثرین کے اہل خانہ عمارت کے باہر شدید پریشانی اور خوف کے عالم میں منتظر ہیں۔

Related Posts