گل پلازہ سانحہ: ریسکیو نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل، شہری انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

گل پلازہ
(فوٹو: آن لائن)

ڈپٹی کمشنر جنوبی نے گل پلازہ سانحے کے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے کمشنر کراچی کے احکامات پر 30افسران پر مشتمل 6ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ہر ٹیم میں ایک سربراہ ، 2 اسسٹنٹ کمشنرز اور 2 مختیار کار شامل کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تمام 6 ٹیموں کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ڈی سی جنوبی کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کرکے ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رکھیں گی۔ پہلی ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ امیر فضل اویس کریں گے اور رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کمانڈنگ افسر ہوں گے۔

دوسری ٹیم  ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کی قیادت میں کام کرے گی، جو صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک آپریشن انچارج ہوں گے۔ تیسری ٹیم اے ڈی سی ون ساؤتھ اسمیٰ بتول بطول کی سربراہی میں نگرانی کرے گی، جو دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک کمانڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گی۔

چوتھی ٹیم کی قیادت اے ڈی سی ون سینٹرل عاصم عباسی کریں گے، جو رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک کمانڈنٹ کے فرائض انجام دیں گے۔ پانچویں ٹیم کی سربراہی اے ڈی سی ون ایسٹ سمیع اللہ سنجرانی کریں گے جو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک اپنی خدمات انجام دے گی۔

چھٹی اور آخری ٹیم کی قیادت اےڈی سی ون کیماڑی عبدالستارہکڑو کریں گے، جو شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کمانڈنگ افسر ہوں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں گل پلازہ سانحے کے بعد جاری ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔

Related Posts