کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے دوران دوسروں کی جانیں بچاتے ہوئے فائر فائٹر فرقان علی شہید ہوگئے۔ انہوں نے اپنی جان قربان کر کے فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی اور ایک حقیقی ہیرو کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
شہید فرقان علی کی عمر 38 برس بتائی جا رہی ہے جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق وہ 36 سال کے تھے۔ وہ ناظم آباد فائر اسٹیشن میں تعینات تھے اور کئی برسوں سے فائر بریگیڈ کے شعبے سے وابستہ تھے۔ فرقان علی شادی شدہ تھے اور ان کی شادی کو ڈیڑھ سال سے کچھ زائد عرصہ ہوا تھا۔ وہ اپنے پیچھے چھ ماہ کا بیٹا، بیوہ اہلیہ، دو بھائی اور چار بہنیں سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق فرقان علی خاندان کا واحد سہارا تھے اور گھر میں باپ جیسا کردار ادا کرتے تھے۔ وہ اپنے بیٹے کو بڑا ہوتا دیکھنے اور اسے وکیل بنانے کا خواب رکھتے تھے مگر افسوس وہ اپنے بیٹے کی پہلی سالگرہ بھی نہ دیکھ سکے۔
شہید فرقان کے بھائی نے بتایا کہ آخری ملاقات شام کے وقت ہوئی تھی جبکہ اگلی صبح فون پر بات ہوئی اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہ ہو سکا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں فرقان علی ملبے تلے دب گئے۔ بعد ازاں ان کی لاش ملبے سے نکال لی گئی اور انہیں پاپوش نگر قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ میں مختلف سیاسی، سماجی شخصیات اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے شہید فرقان علی کے گھر کا دورہ کیا اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ شہید کی بیوہ کو نوکری دینے، بچے کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے، ناظم آباد فائر اسٹیشن کا نام شہید فرقان علی کے نام سے منسوب کرنے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ تقریباً تین دن تک جاری رہی جس کے نتیجے میں اب تک 23 سے 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 65 سے زائد افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ کا عمل بھی کیا جا رہا ہے۔
شہید فرقان علی کی قربانی نہ صرف فائر بریگیڈ کے لیے بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وہ ہمیشہ فرض شناسی، ہمت اور ایثار کی علامت کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








