ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف، 100ویب سائٹس بلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

ای ٹریفک چالان
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو لوٹے جانے کا انکشاف سامنے آنے پر دھوکے بازی اور لوٹ مار میں ملوث 100 سے زائد ویب سائٹس کو بلاک کروا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو لوٹا جارہا تھا۔ جعلی ویب سائٹس ای ٹریفک چالان جاری کرکے عوام کو بے وقوف بنانے اور ان سے رقم لوٹنے میں ملوث تھیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جعلی ویب سائٹس غیرقانونی ادائیگیوں میں ملوث تھیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ یا مشکوک ویب سائٹ پر ای چالان کی ادائیگی سے گریز کریں۔ جعلی ویب سائٹس ای چالان کے ذریعے شہریوں کو ٹھگنے میں ملوث تھیں۔ غیر قانونی ادائیگیوں پر مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نام سے جعلی ای چالان ویب سائٹس اور فیک ایس ایم ایس کے بارے میں آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔

دس روز قبل سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ای چالان سے متعلق ایس ایم ایس صرف مستند نمبر 8070 سے موصول ہوتا ہے۔ شہری ای چالان کی تصدیق کے لیے سیف سٹی کی ویب سائٹ echallan.psca.gop.pk یا پبلک سیفٹی ایپ کا استعمال کریں۔

سیف سٹی کبھی ایس ایم ایس کے زریعے کیش، اکاؤنٹ یا بینک تفصیلات طلب نہیں کرتا، سیف سٹی شہریوں سے کسی بھی قسم کا کارڈ نمبر، پن کوڈ یا سکیورٹی کوڈ طلب نہیں کرتا۔

Related Posts